نئی دہلی 29اکتوبر: کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ کیرالہ میں ’ایس آئی آر‘ (ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی) کی مخالفت کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح بہار میں ایس آئی آر کے نام پر دھاندلی ہوئی، ویسا ہی کھیل اب دوسری ریاستوں میں بھی کھیلا جا رہا ہے، اور کانگریس اسے کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کرے گی۔ یہ بیان پرینکا گاندھی نے آج وائناڈ پہنچنے کے بعد دیا۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کئی ریاستوں میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کرنے کی تیاری میں ہے، جس میں کیرالہ بھی شامل ہے۔ پرینکا کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے بہار میں بھی اس کی مخالفت کی تھی، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جگہ، اور آگے بھی ہر جگہ اس کی مخالفت جاری رہے گی۔‘‘ پرینکا نے ایس آئی آر کو دھوکہ دہی اور انتخابی جعل سازی کا ایک طریقہ بتایا اور کہا کہ یہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔بہار کا حوالہ دیتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ بہار میں جس طرح سے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کی گئی، اس سے صاف ہے کہ اس کا مقصد لوگوں کے ووٹنگ حقوق کو محدود کرنا ہے۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ اگر یہی طریقہ ملک بھر میں اختیار کیا گیا تو یہ جمہوریت پر حملہ ہوگا۔