دبئی 22 اکتوبر(یواین آئی ) پاکستانی اسپنر نعمان علی جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ نعمان نے چار مقام کی چھلانگ لگا کر کیرئیر کے بہترین 853 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا کو پیچھے چھوڑ دیا جو پانچویں نمبر پر آ گئے۔ ہندستان کے جسپریت بمراہ بدستور ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی تیسرے نمبر پر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین آفریدی بھی آئی سی سی ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں تین درجے ترقی کرتے ہوئے 661 پوائنٹس کے ساتھ 19ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اسپنر ساجد خان 21 ویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ محمد عباس اور نسیم شاہ بالترتیب 27 ویں اور 34 ویں نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کے محمد سراج ایک سال سے زائد عرصے میں پہلی بار ون ڈے گیند بازوں کی رینکنگ میں 17ویں نمبر پر واپس آئے ہیں، جب کہ بنگلہ دیش کے اسپنر مہدی حسن میراز چھ مقام چڑھ کر 18ویں نمبر پر آگئے ہیں۔









