بھونیشور، 14 فروری (یو این آئی) ہندوستانی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ 2023-24 کے اپنے تیسرے میچ میں جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف جیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہے گی۔کلنگا ہاکی اسٹیڈیم میں ہندوستان نے اپنے سیزن کا آغاز اسپین کے خلاف 4-1 کی جیت کے ساتھ کیا تھا جس کے بعد ہندوستان نے دفاعی چیمپئن نیدرلینڈ کے خلاف 2-2 (4-2) شوٹ آؤٹ سے سنسنی خیز جیت حاصل کی۔ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہا، “ٹیم نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن ابھی بہت بہتری کرنا باقی ہے۔
ہم ان میچوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹاپ ٹیموں کے خلاف بیک ٹو بیک میچز ہمیشہ مشکل ہوتے ہیں لیکن ہمیں ابرنے کے لیے اچھا وقفہ ملا اور اب ہماری توجہ بھونیشور لیگ کے آخری دو میچوں پر مرکوز ہے۔دوسری جانب آسٹریلیا نے بھونیشور میں اب تک دو میچوں میں دو جیت درج کی ہے۔ انہوں نے اپنی مہم کا آغاز اسپین کے خلاف 4-3 کی جیت کے ساتھ کیا اور اپنے دوسرے میچ میں آئرلینڈ کو 5-0 سے ہرایا۔
ہندوستان اور آسٹریلیا آخری بار رورکیلا میں ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے آخری ایڈیشن کے دوران آمنے سامنے ہوئے تھے۔فلٹن نے کہا، ’’یہ یقینی طور پر ایک مشکل میچ ہونے والا ہے۔ وہ مسلسل ٹھوس جیت درج کر رہے ہیں۔ ہمارے لیے پہلے دو میچوں سے کچھ سیکھنے کو ملے ہیں اور ہماری توجہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوگی۔
“ہم چیلنج کے لیے تیار ہیں اور رفتار کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔”ہندوستان اس کے بعد واپسی میچوں کے لئے رورکیلا کا سفر کرنے سے پہلے جمعہ کو بھونیشور لیگ کے اپنے آخری میچ میں آئرلینڈ کا سامنا کرے گا۔