جوہر (ملائیشیا)، 16 اکتوبر (یو این آئی ) ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم کو یہاں جاری سلطان جوہر کپ 2025 کے اپنے چوتھے پول مرحلے کے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 2-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی کپتان روہت (22ویں منٹ) اور ارشدیپ سنگھ (60ویں) نے بلیو کولٹس کے لیے گول کیے، جب کہ آسکر سپرول (39ویں، 42ویں)، اینڈریو پیٹرک (40ویں) اور کپتان ڈیلن ڈاؤنی (51ویں) نے آسٹریلیا کے لیے گول کیے ۔پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، حالانکہ ہندوستان نے بالادستی برقرار رکھا اور کھیل کی رفتار کو کنٹرول کیا۔ ابتدائی لمحات میں آسٹریلیا گول کرنے کے قریب پہنچا لیکن پرنس دیپ سنگھ نے شاندار سیو کیا جس کے بعد پہلے ہاف میں بلیو کولٹس نے غالب کردار ادا کیا۔ دوسرے کوارٹر میں، ہندوستان نے 17 ویں منٹ میں اپنا پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا، لیکن انمول ایکا کا فلک کراس بار کے اوپر چلا گیا۔ 22ویں منٹ میں ہندوستان نے ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن اس بار ٹیم کے فعال گول اسکورر اور کپتان روہت (22ویں) نے آسان اسٹرائیک سے گیند کو جال میں ڈالا۔ 25ویں منٹ میں عامر علی برتری لینے کے قریب پہنچے انہوں نے بائیں جانب سے ایک طاقتور سولو رن بنایا اور فاصلے سے شاٹ لیا جسے آسٹریلوی گول کیپر نے بچا لیا۔ تیسرے کوارٹر میں آسٹریلیا نے لگاتار تین گول کر کے میچ کا رخ موڑ دیا اور برتری حاصل کر لی۔ پہلا گول 39 ویں منٹ میں اس وقت ہوا جب آسٹریلیا نے دائیں جانب سے ایک شاندار موو بنایا اور آسکر سپرول (39 ویں منٹ) نے دورسے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ ایک منٹ بعد پنالٹی کارنر اینڈریو پیٹرک (40ویں منٹ) کو ملا جنہوں نے گول میں تبدیل کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔ چند لمحوں بعد، آسکر سپرول (42 ویں منٹ) نے اپنا دوسرا گول کیا۔ہندوستان نے 49ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا، لیکن اس بار کپتان روہت کی فلک ہدف سے دور رہی ۔دو منٹ بعد، آسٹریلیا کو میچ کا پانچواں پنالٹی کارنر ملا، اور ان کے کپتان ڈیلن ڈاؤنی نے آگے بڑھ کر پنالٹی کو تبدیل کرکے اپنی برتری کو مزید مضبوط کیا۔ میچ کے آخری لمحات میں، ارشدیپ سنگھ نے ہندوستان کی جانب سے دوسرا گول نہایت مہارت سے کیا لیکن تب تک میچ ہاتھ سے نکل چکا تھا ۔ہندوستان کا اگلا مقابلہ ملائیشیا کے خلاف 17 اکتوبر کو 16:05 IST پر ہوگا۔









