نئی دہلی 14فروری:وزارت دفاع نے ہندوستانی بحریہ اور ہندوستانی کوسٹ گارڈ فورس کے لیے 463 سودیشی 12.77 ایم ایم اسٹیبلازئڈ ریموٹ کنٹرول بندوقوں کی مینوفیکچرنگ اور فراہمی کے لیے کانپور کی ایک فرم کے ساتھ 1752 کروڑ روپے کا معاہدہ کیا ہے۔ وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں اس دفاعی معاہدہ پر دستخط کیے جانے کی جانکاری دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی شعبہ میں خود انحصاری کے نظریہ کو مزید فروغ دے گا۔ وزارت دفاع کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق یہ معاہدہ 125 سے زیادہ ہندوستانی فروخت کنندگان اور ڈیفنس پی ایم یو کے لیے پانچ سالہ مدت میں ڈیفنس مینوفیکچرنگ سے متعلق ایک بڑا راستہ کھولے گا۔ وزارت دفاع نے سودیشی مینوفیکچرڈ 12.7 ایم ایم اسٹیبلازئڈ ریموٹ کنٹرول گن (ایس آر سی جی) کی مینوفیکچرنگ اور فراہمی کے لیے ایڈوانسڈ ویپن ایکوئپمنٹ انڈیا لمیٹڈ (اے ڈبلیو ای آئی ایل)، کانپور کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کیا ہے۔ وزارت دفاع کے ذریعہ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 85 فیصد سے زیادہ سودیشی مواد (آئی سی) کے ساتھ مینوفیکچرنگ سے متعلق کام کیا جائے گا۔ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ یہ بندوقیں دن اور رات دونوں وقت سبھی حالات میں جہازوں کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے چھوٹے اہداف پر صحیح نشانے کے ساتھ حملہ کرنے کی بحریہ اور کوسٹ گارڈ فورس کی صلاحیت کوبڑھائیں گی۔