نئی دہلی14فروری: دہلی ہائی کورٹ کے لیے راؤز ایونیو میں مختص زمین پر دہلی کی حکمراں عام آدمی پارٹی کے دفتر کی تعمیر کا نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے منگل کو برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پارڈیوالا اور منوج مشرا کی بنچ نے کہا کہ اس تجاوزات کو ہٹانا ہوگا۔ چیف جسٹس چندر چوڑ نے، تجاوزات کے بارے میں خبر ملنے پر دہلی حکومت کے وکیل کو خبردار کیا کہ متنازعہ زمین ہائی کورٹ کو لوٹائی جائے اور استفسار کیا کہ کب تک تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ عام آدمی پارٹی نے تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے مقررہ آخری مہلت کی مانگ کی تھی۔ عدالت عظمیٰ کے روبرو کے پرمیشورا نے دلیل دی کہ دہلی ہائی کورٹ کے اہلکار ہائی کورٹ کے لیے مختص زمین پر قبضہ کرنے گئے تھے لیکن انہیں اجازت نہیں مل سکی کیونکہ اب وہاں ایک سیاسی پارٹی کا دفتر بن گیا ہے۔ عدالتی بنیادی ڈھانچے سے متعلق ایک کیس کی سماعت کرتے ہوئے بنچ نے کہا کہ سیاسی پارٹی کے دفاتر قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتے اگر یہ تجاوزات ہے۔ بنچ نے سرکاری وکیل سے پوچھا کہ وہ تجاوزات کب ہٹا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے دارالحکومت دہلی کی حکومت کے چیف سکریٹری، پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے انچارج سکریٹری اور فینانس سکریٹری کو اگلی تاریخ سے پہلے ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کے ساتھ سماعت کی اور کہا کہ تمام زیر التوا مسائل کو مزید ہدایات کا انتظار کیے بغیر حل کیا جائے۔