بھوپال، 13 فروری (رپورٹر) مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرت پریشد، محکمہ ثقافت کی جانب سے 16 سے 18 فروری تک گوہر محل میں ادب میں نوآبادیاتی ذہنیت سے آزادی کے موضوع پر مبنی تین روزہ ’’جشن اردو‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ثقافت، سیاحت، مذہبی اور اوقاف وزیر دھرمیندر بھاو سنگھ لودھی تقریب کا افتتاح کریں گے۔ پرنسپل سکریٹری ثقافت اور سیاحت شیو شیکھر شکلا اور ڈائریکٹر کلچر این پی نام دیو بھی موجود رہیں گے۔اردو اکادمی کی ڈائرکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے کہا کہ پوری ریاست میں مندرجہ بالا مقاصد کے پیش نظر ’’جشن اردو‘‘ پروگرام ادب میں ’’نوآبادیاتی ذہنیت سے آزادی‘‘ تھیم پر مبنی ہےجس میں بہت سے اہم موضوعات پر مبنی لیکچرز، مکالمےاور سیمینار وغیرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس میں صوفیانہ محفل، آل انڈیا مشاعرہ، چلمن مشاعرہ شاعرات، محفل طنزو مزاح، علاقائی مشاعرہ، بیت بازی، اوپن مائیک، خطاطی، نمائش اور کتاب میلہ وغیرہ بھی پروگرام کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ اس موقع پر عالمی سطح پر مشہور اسکالرز، ادیبوں، فلم اور تھیٹر کے فنکاروں سے بھی روبرو ہوسکیں گے۔