راجکوٹ، 13 فروری (یو این آئی) ہندوستان کے دورے پر گئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسپن بولر ریحان احمد کو ویزا سے متعلق دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے ائرپورٹ پر روک دیا گیا۔کرک انفو کے مطابق ابوظہبی میں درمیانی سیریز کے وقفے سے واپس آنے کے بعد ریحان کو راجکوٹ ائرپورٹ پر روک دیا گیا کیونکہ ان کے پاس صرف ایک ہی انٹری ویزا تھا۔ تاہم مقامی حکام نے اس مسئلے کا فوری حل تلاش کیا۔ انگلینڈ اب امید کر رہا ہے کہ آنے والے 24 گھنٹوں میں اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کر لیا جائے گا۔ پیر کی شام تک انگلینڈ کی ٹیم کے تمام کھلاڑی راجکوٹ کے ٹیم ہوٹل پہنچ چکے تھے۔اس معاملے پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے ای سی بی نے کہا ہے کہ ہندوستان واپسی پر بتایا گیا کہ ریحان کے ویزے میں کاغذی کارروائی سے متعلق مسئلہ ہے، راجکوٹ کی مقامی اتھارٹی نے کافی مدد فراہم کی جس کی وجہ سے ریحان کو عارضی ویزا مل گیا۔ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ویزا سے متعلق یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ ریحان صحیح ویزا ملنے تک انگلینڈ کے اسکواڈ کے ساتھ تیسرے ٹیسٹ کی تیاری جاری رکھیں گے۔ شعیب بشیر کو دورے کے آغاز میں ویزہ سے متعلق مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے تھے۔ ویزہ ملنے میں تاخیر کی وجہ سے بشیر 28 جنوری کو ہی ہندوستان پہنچ سکے جو پہلے ٹیسٹ کا چوتھا دن تھا۔ تاہم، بشیر کو وشاکھاپٹنم میں ڈیبیو کرنے کا موقع ملا۔بشیر کی طرح انگلینڈ میں پیدا ہونے والے ریحان بھی پاکستانی نژاد ہیں لیکن ابتدا میں ریحان کو بھی ہندوستان میں داخلے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ انہیں ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ کی ٹیم میں اسٹینڈ بائی کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں ہندوستان کا ویزا مل گیا۔ریحان اس سیریز میں اب تک دونوں میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 36.37 کی اوسط سے آٹھ وکٹیں حاصل کیں اور 17.80 کی اوسط سے 70 رنز بنائے۔