کولمبو، 13 فروری (یو این آئی) افغانستان کے تین اہم کھلاڑی چوٹ کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف 17 فروری سے شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیم کے ریگولر کپتان اور اسٹار اسپنر راشد خان کے علاوہ مجیب الرحمان، محمد سلیم کو انجری کے باعث ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی ہے وکٹ کیپر اکرام علی خیل اور رحمت شاہ کی جگہ محمد اسحاق اور وفادار مومند کو 16 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ راشد کمر کی چوٹ سے صحت یاب ہو رہے ہیں جبکہ مجیب کو سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل دائیں ہاتھ میں موچ آگئی تھی۔ فاسٹ باؤلر محمد سلیم بھی ہیمسٹرنگ انجری سے ریکور نہیں ہو سکے ہیں۔راشد کی عدم موجودگی میں ابراہیم زدران ٹیم کی قیادت کریں گے۔ مجیب نے ہندستان کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے تھے جبکہ سلیم نے ہندستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے علاوہ سری لنکا کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔ راشد نے ورلڈ کپ کے بعد سے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ وہ بی بی ایل اور ایس اے 20 کا حصہ بھی نہیں بن سکے۔ راشد بحالی میں ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل کے آئندہ سیزن سے بھی باہر ہو گئے تھے۔سری لنکا میں افغانستان کی اب تک کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی ہے۔ واحد ٹیسٹ میچ دس وکٹوں سے ہارنے کے بعد وہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 0-2 سے پیچھے ہے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 17 فروری سے ہوگا۔ جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 19 اور 21 فروری کو کھیلا جائے گا۔افغانستان: ابراہیم زدران (کپتان)، رحمان اللہ گرباز (وکٹ کیپر)، محمد اسحاق (وکٹ کیپر)، حضرت اللہ زازئی، گلبدین نائب، محمد نبی، نجیب اللہ زدران، عظمت اللہ عمرزئی، کریم جنت، شرف الدین اشرف، فضل الحق فاروقی، فرید احمد، نوین الحق ، نور احمد، وفادار مومند، اور قیس احمد۔