پرتھ، 13 فروری (یو این آئی) آندرے رسل (29 گیندوں پر 71 رنز) اور شیرفین ردرفورڈ (ناٹ آؤٹ 67) کے درمیان چھٹے وکٹ کے لیے 139 رنز کی ریکارڈ شراکت کی مدد سے ویسٹ انڈیز نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں منگل کے روزآسٹریلیا کو 37 رنوں سے شکست دے دی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹوں پر 220 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا پانچ وکٹوں پر 183 رنز ہی بنا سکی۔ رسل اور ردرفورڈ کے درمیان یہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں کیریبین جوڑی کے درمیان چھٹے وکٹ کے لئے کی گئی سب سے بڑی شراکت تھی جس کی وجہ سے آسٹریلیا کا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کا کلین سویپ کرنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ایک وقت ویسٹ انڈیز کے پانچ وکٹ 79 رنز پر گر چکے تھے اور مہمان ٹیم کے 170 رنز کے قریب ہدف کی امید تھی لیکن رسل نے کریز پر آتے ہی کنگارو گیندبازوں پر حملہ بول دیا۔ انہیں دوسرے سرے پر ردر فورڈ کا بھرپور ساتھ ملا۔ دونوں بلے بازوں کی دھماکہ خیز کارکردگی نے میزبان کیمپ میں ہلچل مچا دی۔ رسل نے 29 گیندوں کی اپنی مختصر لیکن طوفانی اننگ کے دوران سات چھکے اور چار چوکے لگائے جبکہ ردرفورڈ نے 40 گیندوں میں پانچ چوکے اور پانچ فلک بوس چھکے لگائے۔آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر (81) نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا لیکن دوسرے سرے پر متوقع تعاون نہ ہونے کی وجہ سے میزبان ٹیم کے لیے ہدف طویل ہوتا گیا جس کی وجہ سے بالآخر اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ آخری کے اوورز میں ٹم ڈیوڈ (41 ناٹ آؤٹ) نے چار چھکوں کے ساتھ طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کیا، لیکن یہ ٹیم کو فتح کی دہلیز تک لے جانے کے لیے نا کافی تھا۔