چنڈی گڑھ13فروری: کسان تنظیموں کے دہلی مارچ کو روکنے کے لئے ہریانہ حکومت کے پنجاب سے لگی سرحدیں سیل کرنے اور کچھ اضلاع میں انٹرنیٹ بند کرنے کے معاملے میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے آج پنجاب، ہریانہ، دہلی اور مرکزی حکومتوں کو نوٹس جاری کیا۔کیس کی اگلی سماعت جمعرات کو ہوگی۔ اس معاملے میں دو درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ وکیل ادے پرتاپ سنگھ کی درخواست میں ہریانہ حکومت کو پنجاب کے ساتھ سرحدوں کو سیل کرنے اور انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ دوسری عرضی میں کسانوں کی تحریک کی وجہ سے عام لوگوں کو ہونے والی تکلیف کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔ ان درخواستوں کی سماعت جسٹس جی ایس سندھاوالیا اور جسٹس ایل بنرجی بنچ کے سامنے ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ تمام فریقین کو باہمی گفت و شنید کے ذریعے معاملہ حل کرنا چاہیے اور ریاستوں کو احتجاج کے لیے جگہوں کا انتخاب کرنا چاہیے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ مظاہرین، جو ملک کے شہری ہیں، انہیں کہیں بھی جانے کی آزادی ہے لیکن ساتھ ہی یہ ریاستی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور یہ بھی کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔