بھوپال، 12 فروری (پریس نوٹ) ہر سال کی طرح 11 فروری کو طبیبِ حاذق ، مجاہد آزادی مسیح الملک حکیم اجمل خان کے یومِ ولادت کے موقع پر تمام دنیا میں عالمی یونانی ڈے منایا جاتا ہے۔
یونانی شفاخانہ بھوپال میں بھی اس موقع پر خراج پیش کرنے کے لیے پروقار پروگرام کا انعقاد یونانی شفاخانہ مارواڑی روڈ ، ابراہیم پورا بھوپال میں کیا گیا ۔ مہمان خصوصی سابق فارمیسی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حیاض علی تھے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اعظم سپرنٹنڈنٹ یونانی فارمیسی ، ڈاکٹر شاہین جمال صدیقی سپرنٹنڈنٹ شفا خانہ ، حکیم شاہد خان اور حکیم مرزا غفران بیگ نے مسیح الملک اجمل خان کی حیات اور خدمات سے حاضرین کو آگاہ کیا ۔ حکیم فہیم کوثر نے جلسے کی نظامت کے فرائض انجام دیے ۔حکیم سید شاہد علی نے اظہار تشکّر کیا ۔ اس موقع پر شفاخانہ اور فارمیسی کا تمام اسٹاف موجود رہا ۔ حکیم اجمل خان کی خدمات اور کمالات کا ذکر کرتے ہوئے سبھی کو اُن سے سبق لیتے ہوئے طب کی ترقّی کے لئے ہر طرح سے کوشش کرتے رہنے کی تلقین کی۔ ایک فری میڈیکل کیمپ کا بھی اہتمام کیا گیا جس ہمدرد اور ڈرگ لیب نے مریضوں کی شوگر چیک کی اور مفت دوائیں تقسیم کی۔
عالمی یونانی ڈے کا انعقاد 11 فروری کو آشٹا ، سیہور میں بھی کیا گیا ۔ جس کی صدارت ڈاکٹر اعظم نے فرمائی ۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر مقامی ایم ایل اے محترم گوپال سنگھ جی انجینئر رونق افروز تھے ۔ جلسے کا انعقاد آشٹا میں پوسٹڈ ڈاکٹر شائنی انجم نے ایک خوبصورت ہوٹل میں کیا تھا جس میں بھوپال سے تشریف لائے حکماء نے عالمی یونانی ڈے کی اہمیت پر اپنی بات رکھی ۔ نظامت جنید بابا نے بحسن و خوبی انجام دئے ۔