بھوپال، 10 فروری (پریس نوٹ) قومی کمیشن برائے انڈین سسٹم آف میڈیسن، وزارت آیوش، حکومت ہند کی ہدایات کے مطابق 11 فروری 2024 کو یونانی ڈے کا پروگرام مقامی کالج میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ کالج کی پرنسپل پروفیسر محمودہ بیگم نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام کا مقصد یونانی نظام طب کے فروغ میں حکیم اجمل خا ں کی مثالی خدمات کو تسلیم کرنا ہے۔اس موقع پر کالج میں یونانی طب کو مقبول بنانے اور اس کی تشہیر کے لیے متعدد سرگرمیاں جیسے پوسٹر میکنگ مقابلہ، مباحثہ مقابلہ، ثقافتی پروگرام اور کوئز مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم احمد نے بتایا کہ اس سال منعقد ہونے والے یونانی ڈے کی تھیم “یونانی میڈیسن فار ون ارتھ ، ون ہیلتھ” ہے۔ اس پروگرام کے سلسلے میں 11 فروری 2024 کو سونیا گاندھی کالونی، بھوپال میں ایک میگا ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں عام لوگوں کو مفت طبی مشاورات، علاج اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، 12 فروری 2024 کو، مقامی کالج میں گاندھی میڈیکل کالج اور حمیدیہ اسپتال، بھوپال کے اشتراک سے ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا جانا ہے، جس میں کالج کے افسران، ملازمین اور طلباء خون کا عطیہ دیں گے۔