وجےنگرم، 10 فروری (یو این آئی) کے وی ششی کانت (54 رن پر پانچ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت آندھرا پردیش نے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ بی کے میچ میں اتر پردیش کی پہلی اننگ کو 198 رنوں پر سمیٹ کر اہم برتری حاصل کر لی۔ڈاکٹر پی وی جی راجو اے سی اے کمپلیکس میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آندھرا پردیش نے اپنی پہلی اننگ میں 261 رنز بنائے تھے جبکہ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگ میں ایک وکٹ کے نقصان پر 19 رنز بناچکی تھی۔ اس طرح اب تک ان کی برتری 82 رنز ہوچکی ہے۔آرین جویال (60) کے علاوہ یوپی کے دیگر بلے باز اپنی ٹیم کے لیے متوقع شراکت نہیں دے سکے۔ آندھرا پردیش کے گیند بازوں نے مہمان بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ کپتان نتیش رانا (21) کے علاوہ رنکو سنگھ (26) اور اکشدیپ ناتھ (26) کچھ دیر کریز پر ٹھہرے لیکن دیگر بلے باز پویلین لوٹنے کی جلدی میں نظر آئے۔ آرین نے ایک سرے کو سنبھال کر رکھا اور 146 گیندوں کی نصف سنچری اننگ میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ وہ ششی کانت کی شاندار گیند پر وکٹ کے پیچھے لپکے گئے۔اس سے قبل یوپی کی ٹیم کو اپنے اسٹار گیند باز بھونیشور کمار کی کمی محسوس ہوئی، تاہم یش دیال اور انکت راجپوت نے تین تین وکٹیں لے کر آندھرا کو بڑے اسکور کی طرف جانے سے روک دیا۔