نئی دہلی8فروری: دہلی میٹرو کی پنک لائن پر واقع گوکل پوری میٹرو اسٹیشن کی دیوار کا ایک حصہ گرنے سے پیش آنے والے حادثہ میں پانچ افراد دب گئے، جن میں سے ایک کی موت ہو گئی۔ دیگر چار زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈی ایم آر سی نے متاثرین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ ڈی ایم آر سی نے کہا کہ ہلاک ہونے شخص کے لواحقین کو ط25 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ معمولی زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے، جبکہ شدید زخمیوں کو 5-5 لاکھ روپے معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ڈی ایم آر سی کے اہلکار ہسپتال میں موجود تھے اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد ٹریفک سروس متاثر ہوئی۔ ڈی ایم آر سی نے کہا کہ واقعہ کے ایک گھنٹے کے اندر ملبہ کو سڑک سے ہٹا دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعہ کے تعلق سے ڈی ایم آر سی کے دو افسران، ایک منیجر اور سول ڈپارٹمنٹ کے ایک جونیئر انجینئر کو تحقیقات تک فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ تمام متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سول، او اینڈ ایم کو صورتحال کا براہ راست جائزہ لینے کے لیے سائٹ پر موجود رہنے کو کہا گیا ہے۔ اس واقعہ سے متعلق تمام معلومات کمشنر آف میٹرو ریل سیفٹی (سی ایم آر ایس) کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔ ڈی ایم آر سی نے کہا کہ گوکل پوری میں پیش آئے اس افسوسناک واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایم آر سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر وکاس کمار نے ڈی ایم آر سی کے تمام متعلقہ محکموں کو دہلی میٹرو نیٹ ورک کی حفاظتی جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔