چھندواڑہ، 6 فروری (ایجنسی) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اور چھندواڑہ سے ایم ایل اے کمل ناتھ نے منگل کو بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا۔ انہوں نے چھندواڑہ ہوائی پٹی پر صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ طرح طرح کی افواہیں پھیلی ہیں، لیکن اب شروعات ہو گئی ہے۔ کمل ناتھ نے کہا کہ جیسے ہی اے آئی سی سی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گی، نکل ناتھ یہاں سے لوک سبھا کے امیدوار ہوں گے۔ کمل ناتھ نے اپنے بی جے پی میں جانے کی تمام باتوں کو افواہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پرمود کرشنم سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں میں نے کہا تھا کہ کوئی کسی سے بندھا نہیں ہے، اس کے بعد یہ افواہ پھیلائی گئی۔ کانگریس ترجمان کے بیان کے بارے میں کمل ناتھ نے کہا کہ جتیندر نے انہیں وجہ بتاو نوٹس دیا ہے اور ان سے وضاحت طلب کی ہے۔ صدر کے عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ میں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میں نے اپنا استعفیٰ انہیں نہیں دیا، مجھ سے پوچھا گیا کہ کس کو صدر بنایا جائے تو میں نے بتادیا۔