ہردا، 6 فروری (رپورٹر/ ایجنسیاں) مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع ہیڈکوارٹر میں پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں آج اچانک سلسلہ وار دھماکوں کی وجہ سے پورا شہر دہل گیا اور اس کی وجہ سے اب تک 11 لوگوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے، کم از کم 60 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔انتظامیہ نے ابتدائی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہردا شہر کے مضافات میں واقع ایک کالونی میں پٹاخے کی فیکٹری چل رہی ہے۔ اس کے دو تین گودام بھی ہیں، جہاں دھماکہ خیز مواد رکھا جاتا ہے۔ دن میں 11.30 بجے کے قریب فیکٹری میں دھماکے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس کے بعد یکے بعد دیگرے دھماکے ہوئے۔ دھماکے کی آواز اور تھرتھراہٹ کئی کلومیٹر کے علاقے میں سنی اور محسوس کی گئی۔انتظامیہ نے فوری طور پر راحت اور بچاؤ کام شروع کیا اور ہردا کی تمام فائر گاڑیوں کے علاوہ قریبی اضلاع سے فائر گاڑیوں اور ملازمین کو بھی بلایا گیا۔ بھوپال اور اندور سے بھی ماہرین کی ٹیمیں ہردا بھیجی گئی ہیں۔ دریں اثنا، انتظامیہ نے اس واقعے میں 11 افراد کی ہلاکت اور کم از کم 60 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
معلومات کے مطابق شہر کے مگردھا روڈ پر واقع گاؤں بیرا گڑھ میں واقع ایک غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری میں منگل کو زبردست دھماکے کے بعد خوفناک آگ لگ گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ آس پاس کے 50 سے زائد گھروں کو اپنی زد میں لے لیا۔ جس کی وجہ سے علاقے میں افراتفری مچ گئی اور لوگ ادھر ادھر بھاگتے نظر آئے۔ فیکٹری سے اٹھتے آگ کے شعلے اور دھواں کئی کلومیٹر دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکے کے وقت فیکٹری کے احاطے میں 250 سے زائد مزدور کام کر رہے تھے۔ حادثے میں 11 افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جگہ جگہ لاشیں پڑی نظر آرہی ہیں۔
فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فیکٹری کے احاطے میں 100 سے زائد افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ فیکٹری میں اب بھی دھماکوں کی آوازیں وقفے وقفے سے سنی جا رہی ہیں۔ حمیدیہ میں ڈاکٹروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا۔ زخمیوں کو بھوپال اور اندور بھیجا جائے گا۔ ہردا سے بھوپال تک گرین کوریڈور بنایا جائے گا۔
ہردا میں پٹاخہ فیکٹری میں پیش آئے حادثے کے حوالے سے بیتول ضلع سے چار ایمبولینس اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم روانہ کی گئی ہے۔ بیتول کلکٹر کی ہدایت پر سی ایم ایچ او روی کانت اوئیکے نے چار ڈاکٹروں کی ٹیم دوائیوں کے ساتھ روانہ کی ہے۔ سی ایم ایچ او نے کہا کہ چار 108 ایمبولینسیں بھی بھیجی گئی ہیں اور ہردا ضلع کے ہیلتھ حکام سے مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ادھر نرمداپورم کلکٹر سونیا مینا کی ہدایت پر عملہ تیار ہے۔ نرمداپورم کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے چارج سنبھال لیا۔ محکمہ صحت، پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم امدادی کام میں مصروف ہے۔ نرمداپورم کلکٹر کی ہدایت پر دو ایمبولینس اور ایک فائر انجن کو ہردا بھیجا گیا ہے۔ ضلع کی میڈیکل ٹیم ہردا پہنچ گئی ہے اور وہاں راحت اور علاج کا کام جاری ہے۔
مگردھا روڈ سمیت پٹاخہ فیکٹری کے تقریباً ایک کلومیٹر کے دائرے میں ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔ نرمدا پورم کھنڈوا اسٹیٹ ہائی وے پر رکاوٹیں لگا کر گاڑیوں کو بھی نکالا جا رہا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد سابق وزیر کمل پٹیل زخمیوں کی عیادت کرنے اسپتال پہنچے اور اہل خانہ کو مدد کا یقین دلایا۔ بہت سے لوگ خود زخمیوں کی مدد کے لیے خون کا عطیہ دینے ضلع اسپتال پہنچ رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے منگل کی دوپہر ہردا میں ہولناک حادثے کے حوالے سے ہنگامی میٹنگ بلائی۔ انہوں نے وزراء پردیومن تومر اور ادے پرتاپ سنگھ، اے سی ایس اجیت کیسری، ڈی جی ہوم گارڈ اروند کمار کو فوری طور پر ہردا جانے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ بھوپال، اندور میں میڈیکل کالج اور ایمس بھوپال میں برن یونٹ کو ضروری تیاری کرنے کو کہا گیا ہے۔ اندور اور بھوپال سے فائر بریگیڈ کو بھی ہردا بھیجا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی امدادی کاموں کے لیے اعلیٰ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زخمیوں کا بہترین علاج ہماری اولین ترجیح ہے۔ جاں بحق اور زخمیوں کی مالی امداد کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں کے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔
جانچ کمیٹی تشکیل
حادثے کی جانچ کے لیے محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری محمد سلیمان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اس میں محکمہ مذہبی ٹرسٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اجیت کیسری، محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری سنجے دوبے، شہری ترقیات اور ہاوسنگ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری نیرج منڈلوئی، ہوم گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل اروند کمار اور ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آلوک رنجن کو مقرر کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی اپنی جانچ رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی۔
ہردہ ضلع انتظامیہ نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا
ہردا کے ایس ڈی ایم کے سی پرتے کا ٹیلیفون نمبر 9425042205 ہے۔
ہردہ تحصیلدار لوینا گھاگھرے کا ٹیلیفون نمبر 7509756213 ہے۔
ریونیو انسپکٹر پنکج کھتری کا ٹیلیفون نمبر 8770162348 ہے۔
پٹواری جھنک لال پنوار کا ٹیلیفون نمبر 9746489702 ہے۔
پٹواری ادے سنگھ اوئیکے کا ٹیلیفون نمبر 9977360806 ہے۔