نئی دہلی6 فروری: دہلی میں عام آدمی پارٹی کے اہم رہنماؤں کے گھروں پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی چھاپے ماری کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ای ڈی نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ذاتی سیکریٹری وبھو کمار اور راجیہ سبھا کے رکن این ڈی گپتا کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ ای ڈی نے یہ کارروائی دہلی جل بورڈ میں بدعنوانی کے معاملے میں کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، کیجریوال کے ذاتی سیکریٹری وبھو کمار اور دہلی جل بورڈ کے سابق رکن شلبھ کمار کے علاوہ کچھ دیگر سیاستدانوں کے ٹھکانوں پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چھاپے ماری جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق مرکزی ایجنسی دہلی جل بورڈ کے ٹینڈر عمل میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ای ڈی کی جانب سے سی بی آئی اور دہلی حکومت کی اینٹی کرپشن برانچ (اے سی بی) کی ایف آئی آر کی بنیاد پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ سی بی آئی کی ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دہلی جل بورڈ کے افسران نے الیکٹرومیگنیٹک میٹروں کی فراہمی، ان کی تنصیب، جانچ اور کمیشننگ کے لئے ٹینڈر دیتے وقت ایک کمپنی کو فائدہ پہنچایا۔ سی بی آئی ایف آئی آر کے مطابق، دہلی جل بورڈ کے اس وقت کے چیف انجینئر جگدیش کمار اروڑہ نے میسرز این کے جی انفراسٹرکچر لمیٹڈ کو 38 کروڑ روپے کا ٹینڈر دیا تھا، حالانکہ کمپنی مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتی تھی۔
حال ہی میں ای ڈی نے جگدیش اروڑہ اور انیل کمار اگروال کو پی ایم ایل اے کے الزام میں 31 جنوری کو گرفتار کیا ہے۔

ای ڈی کی جانچ میں الزام ہے کہ این کے جی انفراسٹرکچر لمیٹڈ نے جعلی دستاویزات پیش کرکے ٹینڈر جیت لیا ہے۔ ایم ایس این کے جی انفراسٹرکچر لمیٹڈ نے ایم ایس انٹیگرل اسکروز لمیٹڈ کو کام کا ذیلی معاہدہ کیا، جو کہ انیل کمار اگروال کی ملکیت والی فرم ہے۔