بھوپال :25؍جون :وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اندور میں ’اسنیہ دھام‘ عمارت کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ یہ پروجیکٹ نہ صرف سماجی تحفظ کو یقینی بناتا ہے بلکہ محفوظ رہائش کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ اپنے آپ میں ایک بڑا اور حساس قدم ہے، جو بزرگ شہریوں کے تئیں احترام اور ذمہ داری کے احساس کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی خدمت، احترام اور تحفظ ہماری تہذیب اور روایت کا اٹوٹ حصہ ہے۔ بزرگ شہریوں کے لیے سماجی تحفظ، باعزت زندگی اور محفوظ رہائش کی سہولت کو یقینی بنانے کے مقصد کے ساتھ اندور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اندور میں 18 کروڑ روپے کی لاگت سے اسنیہ دھام” عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ ریاست میں اپنی نوعیت کے اس پہلے اختراعی اقدام کا بدھ کو وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے افتتاح کیا۔ اسنیہ دھام بھون میں ایک ہی احاطے میں بزرگوں کے لیے کھانا، طبی، تفریح، سیلف اسٹڈی، مراقبہ اور مشاورت جیسی تمام ضروری سہولیات مہیا کی گئی ہیں، تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔ یہاں پر بزرگوں کی حفاظت کے بھی پختہ انتظامات ہیں۔افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اندور کو 565 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کی سوغات دی۔ اس موقع پر انہوں نے تقریباً 90 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور 476 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔