کینبرا، 06 فروری (یو این آئی) آسٹریلیا نے آج تیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین-صفر سے جیت لی۔ آسٹریلیا نے 87 رنز کے ہدف کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی انداز میں بلے بازی کا آغاز کیا۔ جیک فریزر میک گرک نے 18 گیندوں پر 41 رنز بنائے، جوش انگلس نے 16 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 35 رنز بنائے۔ ایرون ہارڈی دو رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ چھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا نے 6.5 اوورز میں دو وکٹوں پر 87 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ یہ آسٹریلیا میں مردوں کی کرکٹ کا اب تک کا سب سے چھوٹا ون ڈے میچ ہے۔ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 145 گیندوں پر آؤٹ کرنے کے بعد 41 گیندوں میں میچ جیت لیا۔ اس ون ڈے میچ میں دونوں طرف سے مجموعی طور پر 186 گیندیں کی گئیں۔ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گیندیں رہ جانے کے لحاظ سے یہ ساتویں بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل سال 1979 میں انگلینڈ نے 277 گیندوں باقی رہتے میچ جیتا تھا۔ اس کے بعد سری لنکا نے سال 2001 میں زمبابوے کے خلاف میچ 274 گیندیں باقی رہتے جیتا تھا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف اور اوشین تھامس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آج آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئے ویسٹ انڈیز کی جوڑی ایلک ایتھنیز اور جان اوٹلی نے سست آغاز کیا۔ تیسرے اوور میں بارٹلیٹ نے اویلیٹ کو آٹھ رنز پر آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو پہلا جھٹکا دیا۔
اس کے بعد کیسی کارٹی 10 رنز بنانے کے بعد اور روسٹن چیز 12 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلک ایتھنیز نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے۔ باقی آٹھ بلے باز دوہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچ سکے۔ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 24.1 اوورز میں 86 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے بارٹلیٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ لانس مورس اور ایڈم زمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شان ایبٹ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔