بھونیشور، 5 فروری (یو این آئی) ہندوستانی ہاکی مرد ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پیر کو کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے نوجوان ہاکی کھلاڑی ایف آئی ایچ پرو لیگ مرحلے میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے کھیلنے کے انداز کو جان سکیں گے۔ہرمن پریت نے کہاکہ ’’ہم ابھی جنوبی افریقہ کے کامیاب دورے سے واپس آئے ہیں جہاں ہمیں پرو لیگ سے پہلے فرانس، جنوبی افریقہ اور ہالینڈ کے خلاف اپنے کھیل کو جانچنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ٹیم میں کچھ نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے اور ان کے لیے یہ بہترین موقع ہو گا کہ وہ دنیا کی چند بہترین ٹیموں کے کھیل کے انداز سے واقف ہوں۔
ہندوستانی کپتان نے کہاکہ “ہم پرو لیگ کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں کیونکہ اسے جیتنے سے ہمیں ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے براہ راست اہلیت مل جائے گی۔
اس کے ساتھ یہ ایونٹ پیرس 2024 اولمپکس کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔قابل ذکر ہے کہ پرو لیگ کے اس سیزن کے اپنے پہلے میچ میں ہندوستان کا مقابلہ 10 فروری کو اسپین سے ہوگا، اس کے بعد 11 فروری کو ہالینڈ سے مقابلہ ہوگا۔ اس کے بعد میزبان ٹیم کا مقابلہ 15 فروری کو آسٹریلیا سے اور 16 فروری کو بھونیشور لیگ کے آخری میچ میں آئرلینڈ سے ہوگا۔