پیرس، 04 جون (یواین آئی ) عالمی نمبر دو کھلاڑی اور موجودہ چیمپئن کارلوس الکاراز نے بدھ کے روز امریکی ٹامی پال کو ہرا کر فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ وہیں خواتین کے زمرے میں پولینڈ کی اسٹار ایگا سویاتیک، عالمی نمبر ون ٹینس کھلاڑی آریانا سبالینکا اور امریکی کی کوکو گاف نے بھی ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔اسپین کے سرکردہ کھلاڑی الکاراز نے ٹامی پال پر ایک گھنٹہ 34 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 6-0، 6-1، 6-4 سے شاندار جیت درج کر کے رولانڈ گیروس میں لگاتار تیسرے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔سیمی فائنل میں الکاراز کا مقابلہ اٹلی کے لورینزو موسٹی سے ہوگا۔ اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسٹی نے فرنچ اوپن میں امریکی ٹیافو کو 6-2، 4-6، 7-5، 6-2 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ موسٹی نے پہلی بار فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔وہیں خواتین کے زمرے میں پولینڈ کی اسٹار ٹینس کھلاڑی ایگا سویاتیک نے کوارٹر فائنل میں یوکرین کی ایلینا سویٹولینا کو 6-1، 7-5 سے ہرا کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ سیمی فائنل میں سویاتیک کا مقابلہ بیلاروس کی آریانا سبالینکا سے ہوگا۔ سبالینکا نے چین کی کنوین ژینگ کو 7-6، 6-3 سے ہرا کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنائی۔ تیسری سیڈ کوکو گاف نے سست شروعات اور پہلے سیٹ میں ٹائی بریک میں ہار سے ابھر کر ہم وطن میڈیسن کیز کو 6-7(6)، 6-4، 6-1 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔