نئی دہلی 05 فروری (یو این آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر ملک کی حالت زار اور بدعنوانی کی تعریف کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن کے ‘نامداروں کے طعنے سنتے رہیں گے لیکن کامداروں کے ساتھ ملک کو آگے لے جانے اور بدعنوانی سے لڑنے میں مصروف رہیں گے۔پارلیمنٹ میں صدر کے خطاب پر تقریباً 14 گھنٹے طویل بحث کا جواب دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کانگریس پر سخت حملہ کیا۔ سترہویں لوک سبھا میں وزیر اعظم کی یہ آخری تقریر تھی۔ مسٹر مودی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو 400 سے زیادہ سیٹیں ملیں گی لیکن بی جے پی کو 370 سیٹیں ضرور ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو پنڈت جواہر لال نہرو اور کانگریس کی غلطیوں کی بھاری قیمت چکانی پڑی ہے اور ہم اسے درست کرنے کے لیے کام کرتے رہیں گے کیونکہ ہمارے لیے ‘قوم سب سے پہلے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے لیے ایک بڑا اور نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع ہے۔ اس کے لیے ہم کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ نامدار لوگ جو بھی کہیں، کامداروں کو سننا پڑتا ہے۔ ہم سنتے رہیں گے اور ملک کو آگے لے کر جاتے رہیں گے۔