نئی دہلی 04 فروری ( یواین آئی ) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بیروزگاری پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ وہ الیکشن آتے ہی گارنٹی کی بات کرنے لگتے ہیں لیکن حقیقت تویہ ہے کہ مودی روزگار نہیں ، بیروزگاری کی گارنٹی ہیں۔ محترمہ واڈرا نے کہا، “اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں تقریباً 30 لاکھ سرکاری عہدے خالی ہیں، ہمارے کروڑوں نوجوان نوکریوں کے انتظار میں ہیں لیکن گزشتہ 10 سال میں، بی جے پی حکومت نے ان عہدوں کو پُر کرنے کے لیے دکھاوے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ” انہوں نے کہا، “جولائی، 2022 میں، حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ آٹھ سال میں 22 کروڑ نوجوانوں نے نوکریوں کے لیے درخواست دی لیکن صرف سات لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں ملیں۔ اس کا مطلب ہے کہ تقریباً 21.93 کروڑ اہل نوجوان بے روزگار رہ گئے۔ سالانہ دو کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والی بی جے پی حکومت نہ پہلے سے موجودہ نوکریاں دے سکی اور نہ ہی نئے روزگار کے مواقع پیدا کرسکی ۔ وزیراعظم الیکشن میں گارنٹی دیتے ہیں درحقیقت ان کی گارنٹی صرف -’بے روزگاری کی ہی گارنٹی‘ ہے۔