بھوپال، 28 مئی: آج مورخہ 29 ذی قعدہ مطابق 28 جولائی بروز بدھ بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی بھوپال کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں ماہ ذی الحجہ 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کی کوشش کی گئی۔ شہر میں مطلع ابر آلود تھا۔ چاند نظر نہیں آیا، البتہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ لہٰذا یکم ذی الحجہ 29 مئی بروز جمعرات ہوگی اور 10 ذی الحجہ (عیدالاضحی) 7 جون بروز سنیچر ہوگی۔
رویت ہلال کمیٹی بھوپال مدھیہ پردیش الہند کے ذریعہ جاری کردہ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یکم ذی الحجہ 1446 ہجری مطابق 29 مئی بروز جمعرات ہوگی اور عیدالاضحی (10 ذی الحجہ) 7 جون بروز سنیچر ہوگی انشاء اللہ۔ رویت ہلال کمیٹی کی میٹنگ میں اراکین شہر قاضی مولانا مشتاق علی ندوی، نائب قاضی سید بابر حسین ندوی، نائب مفتی رئیس احمد خاں قاسمی، سید شرافت علی ندوی، نائب قاضی سید علی قدر حسینی، عبدالحفیظ خان، عبدالودود خان قاسمی اور محمد یعقوب خاں جامعی موجود رہے۔
دریں اثنا شہر قاضی مولانا سید مشتاق علی ندوی نے تمام اہل ایمان کو عیدالاضحی کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے اس پر زور دیا ہے کہ عشرہ ذی الحجہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ لہٰذا اس عشرہ میں نماز،روزہ، تلاوت قرآن کریم اور عبادات کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت مسلمان عیدالاضحی میںجانوروں کی قربانی کا فریضہ بھی پورے اخلاص کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تقویم کے تحت چار حرمت والے مہینوں میں ذی الحجہ کا مہینہ بھی حرمت کا مہینہ ہے۔ عشرہ ذی الحجہ عبادات کے اعتبار سے کافی اہمیت کا حامل ہے۔ عیدالاضحی کے ایام میں قربانی کی فضیلت کے سلسلہ میں شہر قاضی مولانا ندوی نے کہا کہ قربانی کے دنوں میں قربانی سے زیادہ کوئی عمل اللہ کو محبوب نہیں۔ لہٰذا صاحب نصاب حضرات قربانی ضرور کریں۔ قربانی خوش دلی کے ساتھ اور رضائے الٰہی کے لئے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک حدیث شریف کا مفہوم ہے کہ جو صاحب نصاب ہوکر قربانی نہ کرے وہ شخص ہماری عیدگاہ میں نہ آئے۔ لہٰذا قربانی ہمارے سیدنا خلیل اللہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے، جسے خود حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا اور امت کو کرنے کا حکم دیا۔ لہٰذا اس کی تعمیل بھی اسی طرح ضروری اور لازمی ہے۔