نئی دہلی4فروری: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اپنی تقریر میں دعویٰ کیا ہے کہ ان پر بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کبھی بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر آپ بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو تمام خون معاف ہیں، لیکن ہم نے کیا غلط کیا ہے؟ کیجریوال نے یہ بیان کراڑی میں دو اسکولوں کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر دیا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا، ’’ان دنوں یہ لوگ ہمارے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، آپ ہر روز اخبار میں پڑھتے ہوں گے، انہوں نے منیش سسودیا کو جیل میں ڈال دیا ہے، وہ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے بدعنوانی کی ہے۔ وہ صبح چھ بجے اسکولوں کے چکر لگاتے تھے۔ کو بدعنوان اسکولوں کے چکر لگاتا ہے؟ کرپٹ آدمی رات کو شراب پیتا ہے، اور غلط کام کرتا ہے۔ آج یہ سب ہمارے پیچھے پڑ گئے ہیں۔‘‘ کیجریوال نے الزام لگایا کہ سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر منیش سسودیا اور ستیندر جین پر فرضی مقدمات میں جیل جانے کا الزام لگایا۔ سی ایم نے کہا، ’’تمام ایجنسیاں کیجریوال کے پیچھے لگا دی گئی ہیں۔ منیش سسودیا کا قصور ہے کہ وہ اچھے اسکول بنا رہے تھے! ستیندر جین کا قصور ہے کہ وہ اچھے اسپتال اور محلہ کلینک بنا رہے تھے۔
آج اگر منیش سسودیا اسکولوں پر اور ستیندر جین اسپتالوں میں کام نہیں کر رہے ہوتے تو انہیں گرفتار نہیں کیا جاتا!‘‘ اروند کیجریوال نے کہا، ’’انہوں نے ساری سازشیں کیں لیکن ہمیں جھکا نہیں پائے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ہم اسکول اور اسپتال بنانا چھوڑ دیں گے، تو ایسا نہیں ہے۔ اسکول اور اسپتال بنیں گے، چاہے آپ کیجریوال کو جیل میں قید کر دیں۔ وہ آج ہمارا کوئی نقصان کیوں نہیں کر پا رہے؟ کیونکہ ہمارے پاس ان غریب بچوں کے کروڑوں والدین کی دعائیں ہیں، جنہوں نے سکولوں میں تعلیم حاصل کی اور جس کے پاس غریبوں کا آشیرواد ہوتا ہے خدا اس پر کرم کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ہمارے خلاف جتنی بھی سازشیں کریں، کچھ نہیں ہونے والا اور میں بھی ثابت قدم ہوں، میں ان کے خلاف جھکنے والا نہیں ہوں، یہ لوگ کہتے ہیں کہ بی جے پی میں آئے تو چھوڑ دیں گے، میں نے کہا کہ میں بی جے پی میں ہر گز شامل نہیں ہوں گا، میں کبھی بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گا، اگر آپ بی جے پی میں شامل ہوں گے تو سارا خون معاف ہے۔
۔ ہم نے کیا غلط کیا ہے، ہم صرف اسکول، سڑکیں اور اسپتال بنا رہے ہیں۔ مجھے بہت کچھ ملا ہے۔ آپ لوگوں کی طرف سے محبت اور عنایت ہے میری صرف ایک ہی گزارش ہے آپ اپنا آشیرواد بنائے رکھیں، مجھے کچھ نہیں چاہیے۔‘‘
کراڑی اسمبلی حلقہ میں دو نئے سرکاری اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے سی ایم کیجریوال نے کہا کہ چاہے کوئی ہمیں روکنے کی کتنی ہی کوشش کرے، ہم نے دہلی میں تعلیمی انقلاب کی جو مشعل روشن کی ہے اسے کبھی بجھنے نہیں دیں گے۔