بوکارو، 04 فروری (یو این آئی) کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے آج کہا کہ کانگریس پارٹی ملک میں ناانصافی کی آندھی کو روکنے کے لئے انصاف کے حق میں کھڑی ہے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی اس مقصد کو پورا کرنے کے لئے ‘بھارت جوڑو نیا ئے یاترا پر نکلے ہیں۔ ‘بھارت جوڈو نیا یاترامیں راہل گاندھی کے ساتھ جھارکھنڈ کے بوکارو آئے کنہیا کمار نے کہا کہ بی جے پی حکومت ” تم ممجھے چندہ دو، میںتمہیں دھندہ دوں گا” کے خطوط پر کام کر رہی ہے۔ جمہوریت بیچی جا رہی ہے۔ سرکاری ادارے بیچے جا رہے ہیں۔ مزدوروں، کسانوں، بے روزگاروں، نوجوانوں اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مسٹر کمار نے کہا کہ ملک میں 12000 سے زیادہ کسان خودکشی کر چکے ہیں۔ چند سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے بے روزگاروں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ ملک میں نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس پارٹی تمام ریاستوں کے سلگتے ہوئے مسائل کو اٹھا رہی ہے۔ کانگریس پارٹی پبلک سیکٹر اور آئین کو بچانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کے 140 کروڑ عوام کو انصاف دلانے اور آئین کو بچانے میں کامیاب ہوگی۔