دیو، 23 مئی (یواین آئی ) کھیلو انڈیا بیچ گیمز 2025 میں جمعہ کو کھیلے گئے کبڈی فائنل مقابلوں میں ہریانہ کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں نے طلائی تمغے حاصل کیے۔آج صبح گھوگھلا بیچ پر کھیلے گئے مردوں کے فائنل میں ہریانہ کے کپتان مونو ہڈا کی قیادت میں ٹیم نے راجستھان پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کرتے ہوئے 48-29 سے یکطرفہ فتح درج کی۔ اس ہار کے ساتھ راجستھان کو چاندی کے تمغے سے اکتفا کرنا پڑا ۔ مہاراشٹر کو دونوں زمروں میں کانسی کا تمغہ ملا۔دو سیزن تک پرو کبڈی میں ہریانہ اسٹیلرز کی طرف سے کھیلنے والے 23 سالہ مونو ہڈا فی الحال سائی سونی پت میں تربیت لے رہے ہیں۔ مونو نے میچ کے بعد سائی میڈیا سے کہا، “یہاں اور میٹ پر کھیلنے میں تکنیکی فرق ہے۔ یہاں ہر رن ‘ڈو یا ڈائی’ ہوتا ہے اور ہمیں رسی پار نہیں کرنی پڑتی۔ ہمیں اندر ہی رہنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا، “ہمارے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ ہمیں یہاں کھیلنے کا موقع ملا اور ہم طلائی تمغہ جیت پائے۔ کھیلو انڈیا بیچ گیمز میں انتظامات اور سہولیات بہت اچھی ہیں۔ ریت پر کھیلنے سے گرفت کی طاقت اور توازن بڑھتا ہے، جبکہ میٹ پر رفتار زیادہ ہوتی ہے۔ اس وجہ سے ہمیں یہاں استحکام پر زیادہ توجہ دینی پڑتی ہے۔دوسری طرف خواتین کے فائنل میں ہریانہ کی ٹیم کو ہماچل پردیش کےمضبوط چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ ہریانہ کی نوجوان خواتین کی ٹیم نے سخت مقابلے میں ہماچل پردیش پر 45-38 سے فتح حاصل کی۔ پہلے ہاف میں مقابلہ انتہائی قریب رہا اور ہریانہ کو صرف 22-20 کی برتری حاصل ہو سکی تھی۔