لکھنو 18مئی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے اپنے بھتیجے آکاش آنند کو پارٹی میں پھر سے بڑی ذمہ داری دی ہے۔ ان کو پارٹی کا چیف نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں رواں سال بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے لیے اسٹار پرچارک کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ بی ایس پی میں چیف کوآرڈینیٹر کے عہدہ پر تھے۔ واضح ہو کہ رواں سال فروری میں آکاش آنند کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا اور اپریل میں پھر سے پارٹی میں شامل کر لیا گیا۔ بی ایس پی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں مایاوتی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق پارٹی کے لوگوں کی رضامندی کے بعد ہی آکاش آنند کو پارٹی کا چیف نیشنل کوآرڈینیٹر بنایا گیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں پارٹی کے مستقبل کے پروگرام بھی سونپے گئے ہیں، تاکہ وہ ملکی سطح پر پارٹی کو ایک نئی سمت دے سکیں۔ امید ہے کہ اس بار وہ پارٹی اور تحریک کے مفاد میں ہر قسم کی احتیاط برتتے ہوئے پارٹی کو مضبوط بنانے میں قابل ستائش تعاون کریں گے۔ پریس ریلیز میں آگے یہ بھی کہا گیا کہ ’’رواں سال کے اخیر میں بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں پارٹی نے اکیلے اپنے دم پر مکمل تیاری کے ساتھ انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘