بھونیشور، 3 فروری (یو این آئی) ہاکی انڈیا نے ہفتہ کو یہاں کالنگا ہاکی اسٹیڈیم میں ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے لیے اپنا 100 واں بین الاقوامی میچ کھیلنے والی سلیمہ ٹیٹے کو مبارکباد دی ہے۔سلیمہ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2023/24 میں چین کے خلاف ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ اپنی تیز رفتاری کے لیے مشہور سلیمہ نے 2016 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔جھارکھنڈ کی رہنے والی سلیمہ نے 19 سال کی عمر میں اولمپین کا درجہ حاصل کیا کیونکہ وہ اس تاریخی ٹیم کا حصہ تھی جو ٹوکیو اولمپکس 2020 میں چوتھے نمبر پر رہی تھی۔ اس کے فوراً بعد انہیں مسقط میں منعقدہ ویمنز ایشیا کپ 2022 میں ٹورنامنٹ کی ابھرتی ہوئی کھلاڑی قرار دیا گیا، جہاں ٹیم تیسرے نمبر پر رہی تھی۔
اعتماد سے بھرپور، سلیمہ نےجنوبی افریقہ کے پوٹچیفسٹروم میں منعقدہ ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز جونیئر ورلڈ کپ 2021 میں چوتھے نمبر پر رہنے والی ٹیم کی کپتانی کی۔ 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں سلیمہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے/چوتھے مقام کے میچ میں ایک اہم گول کیا، جس سے ٹیم کو پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی باضابطہ جیت درج کرنے اور کانسہ کے تمغے کا دعویٰ کرنے میں مدد ملی۔سلیمہ اس ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کا بھی ایک اٹوٹ حصہ تھیں جسے دسمبر 2022 میں ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز نیشن کپ اسپین 2022 کی چیمپئن کا تاج پہنایا گیا تھا۔ وہ گزشتہ سال ہانگ زو ایشین گیمز میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھیں۔ہوم گراؤنڈ پر ان کے کیریئر کی اب تک کی بہترین کارکردگی جھارکھنڈ ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی رانچی 2023 میں سامنے آئی، جہاں انہوں نے سات میچوں میں پانچ گول کیے اور انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ میدان میں اپنے کارناموں کے علاوہ سلیمہ کو مارچ 2023 میں اے ایچ ایف ایتھلیٹ ایمبیسیڈر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ سلیمہ ٹیٹے کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے، ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہا، میں سلیمہ کو ہندوستان کے لیے 100 بین الاقوامی کیپس مکمل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔