نئی دہلی11مئی: ہندوستانی فضائیہ نے آپریشن سندور کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن تاحال جاری ہے اور اس کے تحت دیے گئے تمام کاموں کو ذمہ داری اور سلیقے سے مکمل کیا گیا ہے۔ فضائیہ نے واضح کیا کہ یہ مہم نہایت سوچ سمجھ کر اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دی گئی اور جب تک آپریشن مکمل نہیں ہو جاتا، اس کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی جائیں گی۔ فضائیہ کی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی قسم کی غیر مصدقہ خبر پر کان نہ دھریں اور افواہوں سے گریز کریں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پاکستان اور ہندوستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد کل یعنی سنیچر کی شام جنگ بندی نافذ ہو گئی۔ وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کی اپیل پر دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر سمیت کئی علاقوں میں ڈرون اور میزائل داغے۔ ہندوستانی دفاعی ذرائع کے مطابق ان تمام حملوں کا بھرپور جواب دیا گیا اور دشمن کے تمام ڈرونز اور میزائلوں کو مار گرایا گیا۔ رات دس بجے کے بعد پاکستانی حدود سے کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی، جس سے بظاہر لگتا ہے کہ پاکستان وقتی طور پر پیچھے ہٹا ہے۔ اس جنگ بندی کی تصدیق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام کے ذریعے کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے باہمی رضامندی سے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ امریکہ نے کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کیا۔ بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی۔ ادھر، ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان نے فائرنگ اور فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا ہے، تاہم ہندوستان دہشت گردی کے خلاف اپنے سخت اور دو ٹوک مؤقف پر قائم ہے اور اس میں کوئی نرمی نہیں لائی جائے گی۔