سرینگر 8مئی: جموں و کشمیر کے رام بن علاقہ میں اچانک موسلادھار بارش کے سبب حالات بدتر ہو گئے ہیں۔ مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب لینڈ سلائیڈ کا واقعہ پیش آیا۔ اس کی وجہ سے جموں-سری نگر قومی شاہراہ کو پوری طرح سے بند کر دیا گیا ہے۔ لینڈ سلائیڈ کے بعد قومی شاہراہ پر پہاڑ سے پتھر گرے ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اطلاع جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم میں بہتری اور سڑک کے صاف ہونے تک این ایچ-44 پر سفر نہ کریں۔ شدید بارش کے بعد رام بن بازار میں بھی سیلاب جیسے حالات ہو گئے ہیں، حالانکہ کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 8 سے 12 مئی کے درمیان جموں و کشمیر میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں میں شدید گرج کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی کچھ حساس مقامات پر تیز بارش سے لینڈ سلائیڈ ہونے کا اندیشہ ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ میں شمال مغربی ہند میں درجہ حرارت بڑھنے کی امید ہے۔ افسران نے بتایا کہ شدید بارش کے بعد جمعرات کو لینڈ سلائیڈ کا واقعہ پیش آیا۔ اس سے رام بن ضلع میں اہم سرک پر پہاڑیوں سے پتھر سڑک تک آ گئے، جس کے بعد جمعرات کی صبح جموں و کشمیر قومی شاہراہ پر آمد و رفت کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس سے دونوں طرف بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ دور دور تک طویل ٹریفک جام کی حالت بنی ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ لگاتار بارش کے سبب سڑک پر ملبہ جمع ہونے کی وجہ سے سڑک کو آمد و رفت کے لائق بنانے میں رخنہ پیدا ہو رہا ہے۔