دھرم شالہ، 7 مئی (یو این آئی) آسٹریلیائی آل راؤنڈر مچل اوون کو زخمی گلین میکسویل کی جگہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے بقیہ میچوں کے لیے پنجاب کنگز کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پنجاب کنگز کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے 23 سالہ اوون کو ٹیم میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا، “مجھے لگتا ہے کہ ہم سب اس سیزن کے آخری مرحلے کے لیے مچل اوون کو اپنی ٹیم میں شامل کر کے بہت خوش ہیں۔ وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے جسے میں نے گزشتہ 12 مہینوں میں بہت قریب سے دیکھا ہے۔ وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے جو مختلف پوزیشنوں پر بلے بازی کر سکتا ہے اورکچھ بہت مفید میڈیم پیس گیند بازی بھی کر سکتا ہے۔ میں اسے ٹیم کا حصہ بنا کر بہت پرجوش ہوں اور اس کے جلد از جلد یہاں آنے کا منتظر ہوں۔‘‘ 3 کروڑ روپے میں پنجاب کنگز میں شامل ہونے والے اوون نے 34 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مجموعی طور پر 646 رن بنائے اور 10 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے نام پر دو سنچریاں بھی ہیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 108 ہے۔ ٹیم میں شامل ہونے پر اوون نے کہا کہ میں پنجاب کنگز میں شمولیت کا موقع ملنے پر بہت پرجوش ہوں۔ پنجاب کنگز کے چیف ایگزیکٹیو ستیش مینن نے کہا، ’’ہمیں یقین ہے کہ مچل اوون کے پاس آئی پی ایل میں کامیابی کی مہارت اور مزاج ہے۔‘‘