کولمبو، 4 مئی (یو این آئی) چامری اٹاپٹو اور سوگندھیکا کماری (تین تین وکٹ) کی عمدہ کارکردگی کے بعد ہرشیتھا سمارویکرما (53) اور نیلاکشی ڈی سلوا (56) کی شاندار بلے بازی کی بدولت سری لنکا خواتین ٹیم نے اتوار کو سہ ریخی سیریز کے چوتھے میچ میں ہندوستان کو پانچ گیندیں باقی رہتے تین وکٹ سے شکست دے دی۔ یہ سات سال میں سری لنکا کی ہندوستان کے خلاف پہلی ون ڈے جیت ہے۔
276 کے ہدف کے تعاقب میں اتری سری لنکا کی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور اس نے اپنی پہلی وکٹ حسینی پریرا (22) کی شکل میں صرف 30 کے اسکور پر گنوا دی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 78 رن کی شراکت ہوئی۔ اروندھتی ریڈی نے 23 ویں اوور میں وشمی گنارتنے (33) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد پرتیکا راول نے 27ویں اوور میں ہرشیتا سماراویکرما (53) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ کپتان چامری اٹاپٹو (23)، کاویشا دلہاری (35) اور دیومی وہنگا (1) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ نیلاکشی ڈی سلوا نے 33 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 56 رن بنائے۔ آخری اوور میں ہندوستانی گیند بازوں نے سخت گیند بازی کی اور میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ انوشکا سنجیوانی (23) اور سوگندھیکا کماری (19) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ سری لنکا نے 49.1 اوور میں سات وکٹ پر 278 رن بنا کر تین وکٹ سے میچ جیت لیا۔
ہندستان کی جانب سے اسنیہا رانا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اروندھتی ریڈی، شری چارنی اور پرتیکا راول نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔