بھوپال :یکم فروری (پریس ریلیز)بروز جمعرات مدرسہ واجدیہ مصباح العلوم کے طلباء کے درمیان حج و عمرہ میں کون کون سے کام ضروری ہیںاور احرام کی حالت میں کیا پابندیاں رہتی ہیں،موضوع پر سوالات وجوابات پرمنحصر ایک مسابقہ منعقد ہوا ، بعدہ مولانا واجد علی قاسمی (استاذ حدیث جامعہ اسلامیہ عربیہ مسجد ترجمہ والی ) نے طلباء کے درمیان حج و عمرہ کی فضیلت پر سلیس اور آسان الفاظ میں مؤثر خطاب فرمایا،ایک طالب علم نے دوران بیان آپ سے پوچھا کہ حضرت آپکے عمرہ کا سفر کیسا رہا،توآپ نے فرمایا کہ اس جگہ اللہ جسکو بلاتا ہے وہی پہونچتا ہے اور خانۂ کعبہ پر پہلی نظر اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کے وقت کی کیفیت بیان نہیں کی جا سکتی ،آنکھوں سے آنسو جاری تھےاور دیگر مقامات کی زیارت بھی ایمان کی حرارت کو بڑھا رہی تھیں۔
دوران سفر بڑی سے بڑی مشقت بھی معمولی معلوم ہوتی تھی۔ بس یہی دعا ہے کہ اللہ ہر ایک مؤمن کو اپنے گھر کا دیدار اور روضہ اقدس پر حاضری نصیب فرمائے،اسکے بعد آپکے ہاتھوں سے طلباء کو انعامات تقسیم کیے گئے،اور آپ ہی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔واضح رہے کہ چند روز قبل ہی مولانا موصوف اپنی اہلیہ کے ساتھ عمرہ کے سفر سے گھر واپس لوٹے ہیں۔