جیک لیچ وشاکھاپٹنم ٹیسٹ سے باہر

0
14

حیدرآباد یکم فروری (یو این آئی) انگلینڈ کے سب سے تجربہ کار اسپنر جیک لیچ حیدرآباد ٹسٹ میں گھٹنے کی انجری کے باعث دوسرے ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے لیچ کے کل ہونے والے ٹیسٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گھٹنے میں اب بھی سوجن ہے اور انہوں نے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ لیچ ابھی ابھی اپنی کمر کے اسٹریس فریکچر سے صحت یاب ہوکر ٹیم میں آئے ہیں اس لیے کوئی خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔اسٹوکس نے کہا کہ یہ ہمارے لیے مایوس کن ہے کہ لیچ دوسرے میچ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ وہ ابھی انجری سے واپس آئے تھے، اس لیے وہ خود بھی مایوس ہوں گے۔ امید ہے کہ یہ کوئی سنگین انجری نہیں ہوگی اور وہ سیریز میں آگے کھیل سکیں گے۔ ہماری میڈیکل ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے اور ہر روز ان کی انجری کا جائزہ لے گی۔لیچ کی جگہ اس میچ میں نوجوان آف اسپنر شعیب بشیر کھیل سکتے ہیں۔ وہ ویزا مسائل کی وجہ سے حیدرآباد ٹیسٹ میں دستیاب نہیں تھے۔ بشیر حیدرآباد ٹیسٹ کے درمیان میں انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوئے تھے اور اگر وہ کھیلتے ہیں تو یہ ان کا صرف ساتواں فرسٹ کلاس میچ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر بشیر کھیلتے ہیں تو سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ان کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ میں چاہوں گا کہ انہیں اپنی کپتانی میں سب سے اچھا تجربہ دوں۔ پہلا ٹیسٹ خاص ہوتا ہے اور آپ اسے ایک ہی بار کھیلتے ہیں۔ اگر وہ کھیلتے ہیں تو میں اپنی طرف سے پوری کوشش کروں گا کہ وہ اپنے پہلے ٹیسٹ کے ایک ایک لمحے سے لطف اندوزہوں۔ بشیر کے پاس چھ فرسٹ کلاس میچوں میں 67 کی اوسط سے صرف 10 وکٹیں ہیں۔