نئی دہلی، 25 اپریل (یو این آئی) نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے دہشت گردی کو عالمی خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے عروج کو کسی اندرونی یا بیرونی صورت حال سے نہیں روکا جا سکتا۔ جمعہ کو تمل ناڈو کے اوٹی میں وائس چانسلرز کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھنکھر نے کہا کہ پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’یہ حملہ ایک سنگین یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے جس سے انسانیت کو مل کر نمٹنا چاہیے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں کوئی اندرونی یا بیرونی صورتحال رکاوٹ نہیں بن سکتی لیکن سب کو یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی کہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے۔ قومی مفادات کو جماعتی مفادات سے نہیں ملایا جا سکتا۔ اسے کسی سیاسی، ذاتی یا گروہی مفاد کے ماتحت نہیں کیا جا سکتا۔مسٹر دھنکھر نے کہا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کو خوفناک چیلنجوں اور تیزی سے بڑھتی ہوئی تکنیکی رکاوٹ کا سامنا ہے۔ یہ صنعتی انقلابات سے کہیں زیادہ سنگین ہے۔ عالمی نظام تیزی سے پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف خیالات کے لیے رواداری ہونی چاہیے۔ کسی خیال کے خلاف عدم برداشت جمہوریت کی غلط تشریح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زبانیں، ان کی وسعت اور گہرائی ہمارا فخر اور میراث ہے۔ سنسکرت، تامل، تیلگو، کنڑ، ہندی، بنگالی اور دیگر زبانیں ادب اور علم کی سونے کی کان ہیں۔