نئی دہلی 22اپریل:سونے کی قیمتوں نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ امریکی شیئر بازار میں مچی کھلبلی اور ڈالر کی قیمتوں میں آئی گراوٹ کے درمیان 10 گرام سونے کی قیمت پہلی بار ایک لاکھ روپے کے پار پہنچ گئی ہے۔ منگل کے شروعاتی کاروبار میں ہی ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر سونا 1700 روپے سے زیادہ کی تیزی کے ساتھ کاروبار کرتا ہوا دکھائی دیا۔ اس کے بعد یہ 99,000 روپے فی 10 گرام کے پار چلا گیا جو سونے کی اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔ وہیں گھریلو صرافہ بازار میں میکنگ چارج اور جی ایس ٹی جوڑنے کے بعد 24 قیراط سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے فی 10 گرام کے پار نکل گئی ہے۔ سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 22 اپریل کو صبح 7 بجے ایم سی ایکس پر سونے کی قیمت 97,352 روپے فی 10 گرام پر تھی، جو 10/73 روپے گرام اضافہ کے ساتھ اب تک کی سب سے اونچی سطح پر ہے۔ وہیں ایم سی ایکس پر چاندی کی قیمتیں بھی 238 روپے فی کلوگرام بڑھ کر 97,275 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ 22 اپریل کی صبح 7 بجے انڈین بلین ایسو سی ایشن (آئی بی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط سونے کی قیمت 97,560/10gm ہے۔ 22 قیراط سونے کی قیمت 89,430/10gm ہے۔ وہیں آئی بی اے کی ویب سائٹ کے مطابق 22 اپریل کی صبح 7 بجے چاندی کی قیمت 95,720/kg (سلور 999 فائن) تھی۔ شادی کے اس سیزن میں ابھی سونے-چاندی کی کافی ڈیمانڈ ہے لیکن ان کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نے صارفین کے لیے پریشانی کھڑی کردی ہے۔ غریب اور متوسط طبقہ کے لیے سونا خریدنا ان کے دائرہ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ اگر صارفین کو گھر میں شادی یا کسی شوق کے لیے سونا خریدنا ہے تو انہیں اپنے شہر میں اس کی تازہ شرح معلوم کر لینی چاہیے۔