نئی دہلی، 22 اپریل (یو این آئی) دنیا کے اعلی کرکٹ تجزیہ پلیٹ فارم کریکس نے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو اپنا نیا برانڈ ایمبیسیڈر بنایا ہے۔ کریکس نے آج ہرمن پریت کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے برانڈ کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔ ساتھی ہندوستانی کرکٹر شیکھر دھون کے ساتھ دو نامور کھلاڑی پلیٹ فارم کو وسیع تر سامعین سے مربوط کرنے میں مدد کریں گے۔ کریکس ایپ کے ذریعے شائقین بال بہ بال کمنٹری، اسکور، فکسچر، ٹیم/کھلاڑی کی درجہ بندی، خبریں اور کرکٹ کے تمام فارمیٹس بشمول ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور یہاں تک کہ کلب میچز کے تفصیلی اعدادوشمار حاصل کر سکتے ہیں۔ برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر نامزد کیے جانے پر انڈیا ویمنز ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے کہاکہ ” میں کریکس کے ساتھ شراکت کرنے پر بہت پرجوش ہوں، ایک ایسا پلیٹ فارم جو کرکٹ کے لیے میرے جنون کو شیئر کرتا ہے اور خواتین کے کھیل کو بڑھانے کے لیے فعال طور پر کام کر رہا ہے۔ نوجوان لڑکیوں کو ان کے کرکٹ کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنے کے لیے کریکس کے عزم کو دیکھنا متاثر کن ہے۔” اس موقع پر بات کرتے ہوئے کریکس کے چیف اسٹریٹیجی آفیسر رجت ولبھ نے کہاکہ”کریکس نے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو اپنی برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر شامل کیا ہے۔ یہ مہم خواتین کی کرکٹ کے لیے مزید حمایت پیدا کرنے، اسے آگے لے جانے، زیادہ شائقین حاصل کرنے اور اسے مردوں کی کرکٹ کی طرح مناسب پہچان دینے کی جانب ایک قدم ہے۔