لکھنؤ، 22 اپریل (یو این آئی)آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں دہلی کیپیٹلس نے لکھنو سپر جائنٹس کو 8وکٹ سے شکست دیدی۔ 160رن کے مقررہ ہدف کو دہلی کی ٹیم نے 17.5اوور میں 2وکٹ کے نقصان پر 161رن بناکر حاصل کرلیا۔ دہلی کی طرف سے لوکیش راہل نے ناٹ آئوٹ57رن اور ابھیشیک پوریل نے 51رن بنائے۔ قبل ازیں ایڈن مارکرم (52) اور مچل مارش (45) کے درمیان 87 رنز کی تیز شراکت کے باوجود، لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) منگل کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 40 ویں میچ میں دہلی کے سامنے صرف 160 رنز کا ہی ہدف دے سکی۔ مارکرم اور مارش نے ایکنا اسٹیڈیم میں لکھنؤ کو تیز شروعات فراہم کی لیکن مڈل آرڈر بلے باز رن ریٹ کو تیز کرنے میں ناکام رہے اور 20ویں اوور تک ایل ایس جی چھ وکٹ پر 159 رنز ہی بناسکی۔ کپتان رشبھ پنت (0) ایک بار پھر ناکام رہے لیکن آیوش بدونی (21 گیندوں پر 36) کی بدولت ٹیم چینلنجنگ ہدف کھڑا کرنے میں کامیاب رہی۔ مکیش کمار نے 33 رنز پر چار وکٹیں لے کر ایل ایس جی کے اسکور کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مارکرم اور مارش نے پہلے پاور پلے کا بھرپور استعمال کیا اور 51 رنز بنائے۔ تاہم دہلی کے کپتان اکشر پٹیل نے بولنگ میں ہوشیاری سے تبدیلیاں کرتے ہوئے رن ریٹ کو لے میں آنے نہیں دیا۔
مارکرم اور مارش نے دسویں اوور کے اختتام تک اسکور بورڈ پر 87 رنز لگادئے لیکن اس دوران مارکرم سری لنکا کے باؤلر دشمنتھا چمیرا کی ایک گیند کو ہوا میں مارنے کی کوشش میں ڈیپ پوائنٹ پر کھڑے اسٹبس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ مارکرم نے 33 گیندوں پر اپنی نصف سنچری میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے۔ نکولس پوران (9) آج بھی نہیں چلے اور دو چوکے لگانے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ عبدالصمد (2) مکیش کمار کا آج پہلا شکار بنے جنہیں اپنی ہی گیندپر لپک کر پولین کا راستہ دکھایا۔ ایک سرے پر صبر کے ساتھ کھیل رہے مچل مارش کو اسی اوور میں مکیش کمار نے بولڈ کرکے میزبان کو دباؤ میں لادیا۔ آخری اوورز میں آیوش بدونی اور ڈیوڈ ملر (14 ناٹ آؤٹ) نے رن ریٹ بڑھانے کی کامیاب کوشش کی۔ بدونی نےایک کے بعد ایک چھ بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا، لیکن انہیں مکیش کمار نے اننگ کے آخری اوور میں یارکر کے ذریعے کلین بولڈ کردیا۔