بنگلور، 19 اپریل (یو این آئی) پنجاب کنگس کے خلاف پانچ وکٹ سے شکست کے لیے خراب بلے بازی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے کپتان رجت پاٹیدار نے کہا کہ ان کے بلے باز ایک اکائی کے طور پر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں پاٹیدار نے کہا، “بارش کے بعد وکٹ میں ہونے والی نمی کی وجہ سے بلے بازوں کو ابتدا میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا لیکن یہ کوئی بہانہ نہیں ہے، سچ یہ ہے کہ ہم ایک اکائی کے طور پر بلے بازی نہیں کر سکے، اس وکٹ پر شراکت برقرار رکھنا ضروری تھا، ٹم ڈیوڈ نے اس وکٹ پر شاندار نصف سنچری اننگز کھیلی، لیکن ہم دوسرے بلے بازوں کی کارکردگی کو مایوس کن تھی۔” اس کے ساتھ ہی پنجاب کنگس کے کپتان شریاس ایر نے جیت کا سہرا اسپن بولر یوجویندر چہل اور نوجوان بلے باز نہال وڈیرا کو دیتے ہوئے کہا کہ چہل عالمی معیار کا بولر ہے۔
اس کی قابلیت پر کوئی شک نہیں کر سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ‘میں نے انھیں میچ سے پہلے کہا تھا کہ رن بچانے کے بجائے انھیں وکٹ لینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ رن ریٹ کو کم کیا جا سکے۔ انھوں نے ایسا ہی کیا اور رجت پاٹیدار اور جیتیش شرما کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ باقی کام ارشدیپ سنگھ، ہرپریت برار اور مارکو جانسن نے مکمل کیا وڈیرا کی تعریف کرتے ہوئے شریاس ائیر نے کہا، “آپ کو یقینی طور پر ایسے بلے باز کی ضرورت ہے جو جارحانہ انداز میں بلے بازی کرے۔ نہال کا رویہ آج شاندار تھا۔ امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اس فارم کو برقرار رکھیں گے۔”واضح ر ہے کہ جمعہ کی شام آر سی بی اور پی بی کے ایس کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ کو 14-14 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا جس میں آر سی بی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نو وکٹ پر 95 رن بنائے تھے جس کے جواب میں پنجاب نے فتح کا ہدف 12.1 اوور میں حاصل کر لیا۔ پنجاب کے لیے نہال وڈیرا نے 19 گیندوں میں 33 رنز بنائے۔