لکھنؤ، 31 جنوری (یو این آئی) میزبان یوپی گریس، گزشتہ رنر اپ راؤنڈ گلاس پنجاب ہاکی اکیڈمی، نیول ٹاٹا اوڈیشہ اور نیلگیری تمل ناڈو نے 34ویں آل انڈیا کے ڈی سنگھ بابو سب جونیئر بوائز (انڈر 14) کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ٹورنامنٹ میں پہلا سیمی فائنل راؤنڈ گلاس پنجاب ہاکی اکیڈمی اور نیول ٹاٹا اوڈیشہ کے درمیان کھیلا جائے گا اور دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو یوپی گریس اور نیلگیری تمل ناڈو کے درمیان کھیلا جائے گا۔کے ڈی سنگھ بابو میموریل سوسائٹی کے زیراہتمام گرو گوبند سنگھ اسپورٹس کالج کے میجر دھیان چند سنتھیٹک ٹرف اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں یوپی گریس نے شوبھم پٹیل کے شاندار اسٹک ورک کی بدولت رائل ہاکی اکیڈمی کو 7-0 سے شکست دی۔ یوپی گریس کے رشبھ سنگھ نے 11ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ اس کے بعد شبھم پٹیل نے 12ویں، 14ویں اور 32ویں منٹ میں تین گول داغے۔ اس دوران رشبھ نے 39ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا۔ شیوانشو شکلا نے 20ویں منٹ میں اور درشیل کیسروانی نے 42ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کیا۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں گزشتہ رنر اپ راؤنڈ گلاس پنجاب ہاکی اکیڈمی نے گھمنہرہ رائزرز اکیڈمی کو یک طرفہ 8-0 سے شکست دی۔ راؤنڈ گلاس پنجاب نے پہلے کوارٹر میں ہی تین گول کر کے میچ پر قابو پالیا۔ ٹیم کی جانب سے رزاق علی نے تیسرے ہی منٹ میں مخالف ٹیم کے دفاع کو چکما دیتے ہوئے پہلا گول کیا۔ منویر سنگھ نے نویں منٹ میں گول کیا جبکہ منجوت سنگھ نے 15ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل دیا۔ اس کے بعد رزاق علی نے 18ویں اور 43ویں منٹ میں شاندار فیلڈ گول داغے۔