پوچیفسٹروم، 31 جنوری (یو این آئی) وینا مفاکا کے پانچ وکٹوں اور اس کے بعد گلبرٹ پریٹوریس کی 53 رنز کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے آج انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے گروپ کے سپر سکس میچ میں زمبابوے کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقی اوپنروں گلبرٹ پریٹوریس اور اسٹیو اسٹاک کی جوڑی نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 86 رن جوڑ کر فتح کو یقینی بنایا۔ پریٹوریس نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 53 رنز بنائے۔ اسٹاک نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں انیسو کاموریو نے آؤٹ کیا۔ ڈیوڈ ٹائیگر 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے 13.3 اوورز میں 103 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔اس سے قبل آج جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئے زمبابوے کا آغاز انتہائی خراب رہا اور اس کے چار بلے باز 16 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ رونق پٹیل نے سب سے زیادہ 32 رن بنائے۔ اس کے بعد ریان کامویمبا 24 رن اور میشفورڈ شونگو 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ باقی کوئی بھی بلے باز پانچ رن سے زیادہ کا اسکور نہ بنا سکا۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 29.2 اوورز میں 102 رن پر ڈھیر ہو گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے وینا مفاکا نے پانچ وکٹ حاصل کئے۔ ٹرسٹن لوس نے تین وکٹ لئے۔ ریلی نارٹن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔