ممبئی، 17 اپریل (یو این آئی) ابھیشیک شرما (40)، ہینرک کلاسن (37) اور ٹریوس ہیڈ (28) کی شاندار اننگز کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے جمعرات کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 33ویں میچ میں ممبئی انڈینس کو جیت کے لیے 163 رنز کا ہدف دیا۔آج ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سن رائزرس حیدرآباد کے اوپنرز ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت کی۔ نویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کر کے ممبئی انڈینس کو پہلی کامیابی دلائی۔ ابھیشیک شرما (40) نے 28 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 40 رن بنائے۔ ایشان کشن (دو) اور ٹریوس ہیڈ (28) کو ول زوکس نے آؤٹ کیا۔ 17ویں اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے نتیش کمار ریڈی (19) کو آؤٹ کیا۔ 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر جسپریت بمراہ نے ہینرک کلاسن کو بولڈ کر کے سن رائزرس حیدرآباد کی ایک بڑا اسکور بنانے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ہینرک کلاسن نے 28 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔ سن رائزرس حیدرآباد نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 162 رنز بنائے۔ انیکیت ورما (18) اور کپتان پیٹ کمنس (آٹھ) ناٹ آؤٹ رہے۔ممبئی انڈینس کی جانب سے ول زوکس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹرینٹ بولٹ، جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔