چنڈی گڑھ، 16 اپریل (یو این آئی) کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے کپتان اجنکیا رہانے نے پنجاب کنگز کے خلاف شکست کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اس شکست سے سبق سیکھنا چاہئے۔رہانے نے منگل کی رات یہاں مہاراجہ یادوندر سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پنجاب کنگز کے خلاف دلچسپ کم اسکور والے میچ میں 16 رن کی شکست کی ذمہ داری لی اور کہا کہ ٹیم کو اس شکست سے سبق سیکھنا چاہئے اور آئندہ میچ جیتنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
کے کے آر نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے پنجاب کنگز کو 111 رن تک محدود کر دیا۔ کے کے آر کی جانب سے ہرشیت رانا نے تین اور سنیل نارائن اور ورون چکرورتی نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ کے لیکن کے آر 112 رن کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لڑکھڑا گئی۔ رہانے نے شکست کی ذمہ داری لی اور کہا کہ ٹیم نے مشکل حالات میں اچھی بلے بازی نہیں کی۔میچ کے بعد کپتان رہانے نے کہا ’’ہم نے بیٹنگ یونٹ کے طور پر واقعی خراب بیٹنگ کی، ہم پوری ذمہ داری لیتے ہیں۔ جس طرح سے بالروں نے واقعی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پنجاب کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو 111 پر روک دیا۔ ہمیں اس شکست سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ٹی20 کرکٹ صرف چھکے مارنے کے لئے نہیں ہے… صورتحال کو سمجھنے اور بلے باز کے طور پر کھیل کے بارے میں آگاہی رکھنے اور پھر کھیل کو کس طرح سے آگے بڑھانے کی بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے، آج ہم اسی چیز سے چوک گئے۔‘‘کے کے آر کے کپتان نے زور دے کر کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں، بعض اوقات مشکل حالات میں ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرنے کے لیے کم اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ زیادہ متوازن اننگز کھیلنا ضروری ہوتا ہے۔ رہانے نے کہا ’’ہمیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ کسی بھی صورت حال میں کیسے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اگرچہ کبھی کبھی آپ کو ٹی 20 کرکٹ میں میڈن اوور کھیلنا پڑتا ہے یا 70-80 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلنا پڑتا ہے، یہ ٹھیک ہے، لیکن آپ کو اس کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔‘‘لیگ کے بقیہ میچوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، رہانے نے زور دے کر کہا کہ مطمئن ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ کے کے آر کے پاس ابھی سات اور میچز باقی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم ٹورنامنٹ کے آدھے راستے پر ہیں اور لیگ میں ابھی سات میچز باقی ہیں، ہمیں ہمیشہ اچھی نیت کے ساتھ واپسی کے بارے میں سوچنا ہوگا، ساتھ ہی ایک بلے باز کے طور پر سیکھنے اور بہتر کرنے کی کوشش کرنی ہوگی اور پچھلی شکست پر غور کرتے ہوئے اگلے میچ میں آگے بڑھنا ہوگا۔‘‘
واضح رہے کہ کے کے آر نے ٹورنامنٹ میں اب تک تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور رہانے کو یقین ہے کہ اس کی تجربہ کار ٹیم واپسی کرے گی اور اس شکست سے سبق سیکھے گی اور موجودہ آئی پی ایل سیزن میں آنے والے میچوں میں جیت کے ساتھ ٹیم کی پوزیشن مضبوط کرے گی۔