دبئی، 15 اپریل (یو این آئی) آسٹریلیائی بلے باز جارجیا وول، جنہوں نے گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، کو مارچ کے مہینے کے لیے آئی سی سی ویمنز ‘پلیئر آف دی منتھ کے خطاب سے نوازا گیا ہے۔وول نے ہم وطن اینابیل سدرلینڈ اور امریکہ کی چیتنا پرساد کو شکست دے کر یہ ایوارڈ جیتا ہے۔ 21 سالہ وول نے مارچ میں وائٹ فرنز کے خلاف آسٹریلیا کی 3-0 سے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وول نے دوسرے سرے پر تجربہ کار بیتھ مونی کے ساتھ اعتماد کے ساتھ آغاز کیا۔ وول نے پہلے میچ میں 31 گیندوں پر 50 رنز، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 20 گیندوں پر 36 رنز اور فائنل میچ میں 57 گیندوں پر 75 رنز بنائے تھے۔ یہ مسلسل چوتھی بار ہے جب آسٹریلوی کھلاڑیوں نے یہ ماہانہ ایوارڈ جیتا ہے۔ دسمبر 2024 میں اینابیل سدرلینڈ نے، اس کے بعد جنوری میں بیتھ مونی اور فروری میں ایلن کنگ نےیہ ایوارڈ جیتا۔مارچ کے مہینے کا بہترین کھلاڑی قرار دیئے جانے پر وول نے کہا، “یہ ایوارڈ جیتنا یقینی طور پر میرے اور ٹیم کے لیے ایک ناقابل یقین لمحہ ہے۔ نیوزی لینڈ جانا اور عالمی چیمپئن کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنا سیزن کے اختتام کا بہترین طریقہ تھا۔ میں اگلے سیزن کے لیے پرجوش ہوں۔