جھانسی، 15 اپریل (یواین آئی) 15ویں ہاکی انڈیا سینئر مردوں کی قومی چیمپئن شپ 2025 میں منگل کو پنجاب نے مدھیہ پردیش کو 4-1 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا، جبکہ اتر پردیش نے منی پور کو 5-1 سے ہرا کر تیسرا مقام حاصل کیا۔ فائنل میں پنجاب کے لیے جگراج سنگھ نے (30ویں، 49ویں منٹ) میں دو، جسکرن سنگھ (38ویں) اور منیندر سنگھ (46ویں) نے ایک ایک گول کیا۔ مدھیہ پردیش کے لیے پرتاپ لاکڑا نے 28ویں منٹ میں گول کیا۔فتح کے بعد پنجاب کے کپتان ہاردک سنگھ نے کہا، ’’ہماری حکمت عملی شروع سے ہی جارحانہ کھیلنے کی تھی، اور میں کہہ سکتا ہوں کہ لڑکوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ جگراج نے شاندار کھیل پیش کیا۔ اگرچہ ہم نے کچھ مواقع گنوائے، لیکن ہم جیت سے خوش ہیں۔‘‘تیسرے مقام کے لیے کھیلے گئے میچ میں اتر پردیش نے منی پور کو 5-1 سے ہرایا۔ اتر پردیش کے کشواہ سورو آنند (29ویں، 49ویں منٹ) میں دو گول کے ساتھ سر فہرست رہے، جبکہ شاردانند تیواری (35ویں)، دیپ اتل (48ویں) اور شیو م انند (60ویں) نے ایک ایک گول کیا۔ منی پور کی جانب سے موئرانگتھم روی چندرن سنگھ نے 45ویں منٹ میں تسلی بخش گول کیا۔