نئی دہلی، 31 جنوری (یو این آئی) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے بدھ کو کہا کہ حکومت کی طرف سے کھیلوں اور کھلاڑیوں کو دی جانے والی بے مثال مدد سے ملک اس میدان میں ایک بڑی طاقت بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ صدر مرمونے آج نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں بجٹ اجلاس کے آغاز پر دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کی نوجوان طاقت کو ہنر اور روزگار سے جوڑنے کے لیے ہم اسپورٹس اکانومی کو مضبوط کر رہے ہیں اور اس کے لیے حکومت کھیل اور کھلاڑیوں کی مدد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ہی آج ہم کھیلوں سے متعلق دیگر شعبوں پر بھی زور دے رہے ہیں۔ آج کھیل یونیورسٹی بن چکے ہیں۔ ہم نے ملک میں بہت سے سنٹرز آف ایکسی لینس بنائے ہیں۔ اس سے نوجوانوں کو ایک پیشہ ور کے طور پر کھیلوں کا انتخاب کرنے کا موقع ملے گا۔ کھیلوں کے سامان سے متعلق صنعتوں کو بھی ہر قسم کی مدد دی جا رہی ہے۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ پچھلے 10 برسوں میں ہندوستان نے بہت سے کھیلوں سے متعلق بہترین بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا ہے۔
ملک کے نوجوانوں میں فرض کے احساس اور خدمت کے احساس کو بڑھانے کے لیے ’میرا یووا بھارت‘ تنظیم بنائی گئی ہے۔ اب تک تقریباً ایک کروڑ نوجوان اس تنظیم میں شامل ہو چکے ہیں۔