نئی دہلی 15اپریل: دہلی میں محلّہ کلینک کی جگہ پر اب آروگیہ مندر نظر آئیں گے۔ دہلی حکومت پہلے مرحلے میں 70 آروگیہ مندر کی شروعات کرنے والی ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ایک آروگیہ مندر شروع کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ دہلی حکومت کے ذرائع پر یقین کریں تو اگلے ایک مہینہ میں یہ تیار ہو جائیں گے۔ یہاں ابتدائی علاج کی سبھی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ یہ آروگیہ مندر ’آیوشمان بھارت یوجنا‘ کے تحت کھولے جا رہے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اگلے ایک سال میں 1139 آروگیہ مندر کھولے جائیں گے۔ دہلی حکومت نے 5 اپریل کو ہی راجدھانی میں منصوبہ کو لے کر مرکزی حکومت کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ اس کے بعد 10 اپریل کو آیوشمان منصوبہ کے ساتھ صحت خدمات کے بنیادی ڈھانچہ کو فروغ دینے کے لیے ایک اور معاہدہ کیا گیا۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پہلے مرحلے میں 2.35 لاکھ کنبوں کو بیمہ دیئے جانے کا اعلان کیا تھا۔ ’آیوشمان بھارت‘ منصوبہ 27 اسپیشلائزیشنس میں 1961 طرح کے طبی علاج کے لیے مفت اور ’کیش لیس‘ علاج فراہم کرتا ہے جس میں دواؤں، ڈائگنوسٹک سروس،، اسپتال میں بھرتی ہونے، آئی سی یو میں دیکھ بھال، سرجری اور دیگر لاگت شامل ہیں۔ اس منصوبہ کے تحت دہلی میں اہل کنبوں کو 10 لاکھ روپے تک کا سالانہ ’ہیلتھ کور‘ ملے گا، جس میں سے پانچ لاکھ روپے مرکز اور باقی پانچ لاکھ روپے دہلی حکومت فراہم کرے گی۔ مرکزی وزیر جے پی نڈا نے کہا تھا کہ راجدھانی میں اس منصوبہ کے نافذ ہونے سے دہلی کے 6.54 لاکھ اہل کنبوں یعنی تقریباً 30 لاکھ لوگوں کو 10 لاکھ روپے تک کا سالانہ صحت بیمہ ملے گا۔