جھانسی، 13 اپریل (یواین آئی) مدھیہ پردیش اور پنجاب کے درمیان 15ویں ہاکی انڈیا سینئر مرد نیشنل چیمپئن شپ کا فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا۔آج یہاں کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلوں میں مدھیہ پردیش نے منی پور اور پنجاب نے اتر پردیش کو شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔پہلے سیمی فائنل میچ میں مدھیہ پردیش نے منی پور کو 5-3 سے شکست دی۔ ہاکی مدھیہ پردیش کی جانب سے کپتان یوسف عفان نے (پانچویں، 34ویں منٹ) اور علی احمد نے (ساتویں، 15ویں منٹ) میں دو دو گول کیے، جبکہ محمد زید خان نے (49ویں منٹ) میں ایک گول کیا۔منی پور کی جانب سے موئرانگتھیم ربی چندر سنگھ (47ویں)، کپتان چنگلینسانا سنگھ کانگوجم (50ویں) اور لش رام دیپو سنگھ (53ویں) منٹ میں گول کرنے میں کامیاب رہے۔دوسرے سیمی فائنل میچ میں پنجاب نے اتر پردیش کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں 4-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔